بھٹکل:2/ اگست(ایس او نیوز)تعلقہ کے ہنومان نگر اور کوگتی مندر پر گوشت پھینکے جانے والے معاملات کے متعلق معطل شدہ شہری پولس تھانہ ایس آئی ریوتی کو کسٹڈی میں لےکر تفتیش کرنے اور سچائی کو منظر عام پر لاتے ہوئے شرپسندوں کو گرفتارکرکے کڑی سزا دینے کی بھٹکل جے ڈی ایس نےمانگ کی ہے۔
جمعہ کی شام نجی ہوٹل میں پریس کانفرنس میں بات کرتے ہوئے جے ڈی ایس صدر عنایت اللہ شاہ بندری نے کہاکہ ایس آئی ریوتی نے وزیر داخلہ کو لکھے گئے خط میں بی جے پی لیڈر سنیل نائک کانام پیش کیا ہے۔ سنیل نائک سے رقم لے کر اُدئیے گونڈا نامی نوجوان کی طرف سے مندرمیں گوشت پھینکے جانے کی بات لکھی ہے۔ مگربھٹکل کی پولس ملزموں کو گرفتار کرنے کے بجائے شہر کے امن کو نقصان پہنچانے کی وجہ بن رہی ہے۔ گوشت پھینکے جانے والے معاملے کی جانچ کررہے جانچ افسرکو بدل کر ملزموں کو بچانے کی کوششیں ہورہی ہیں، عنایت اللہ شاہ بندری نے اس تعلق سے اعلیٰ افسران سے وضاحت کرنے کی مانگ کی ہے۔ پریس کانفرنس میں جے ڈی ایس صدر ایس آئی ریوتی کی طرف سے تحریر کردہ خط کے متعلق کہاکہ یہ خط کسی گجری دوکاندار نے نہیں لکھا ہے بلکہ پولس محکمہ کی ایک افسر جو ایس آئی کے عہدے پر فائز تھی اس نے لکھا ہے، مزید یہ کہ انہوں نے وزیر داخلہ کو توجہ دلائی ہے۔ ملزم کتنا بھی بڑا کیوں نہ ہو اس کو گرفتارکرکے قانون کے مطابق کارروائی کریں۔ جے ڈی ایس لیدر نے بتایا کہ ایس آئی ریوتی کے پاس معاملے کے متعلق مزید جانکاری ہے، انہوں نےان کی سی آئی ڈی کے ذریعے تفتیش کرانے کی مانگ کی۔
ریاست میں کانگریس کی حکومت ہونے کے باوجود بھٹکل میں بی جے پی کے دربار کا الزام لگاتے ہوئے عنایت اللہ نے کہاکہ بھٹکل بلاک کانگریس صدر پر پولس تھانے کے اندر حملہ کیا گیا مگرپولس افسران حملہ آوروں کو گرفتار کرنے اور اُنہیں سزا دینے کے بجائےسامنے کھڑے ہوکر ملزموں کو جلو س نکالتے ہوئے عدالت میں لے جاتے ہیں، ضلع نگراں کار وزیر آر وی دیش پانڈے سمیت بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں، اس تعلق سے ان کے لب سل گئے ہیں اور ابھی تک ایک بیان بھی جاری نہیں کیا ہے، یہ سب بھٹکل کے قانونی نظام کی کمزوری کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ بھٹکل کو مرکز مان کر ریاستی سطح پر سیاست چل رہی ہے، انہوں نے سوال کیا کہ کیا اس کے لئے بھٹکل کے عوام قربان ہوجائیں ؟ یہاں صورت حال یہ ہے کہ شادی بیاہ کے لئے پولس بندوبست کی ضرورت محسو س ہورہی ہے، جس کے لئے ضلع نگراں کار وزیردیش پانڈے اور رکن اسمبلی منکال وئیدیا راست ذمہ دار ہونے کا الزام لگایا ۔ مندر میں گوشت پھینک کر مسلمانوں کو مورد الزام ٹھہرانے کی انہوں نے مذمت کی۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ یہ جدوجہد یہیں ختم نہیں ہوگی بلکہ یہ معاملہ دور تک لے جایاجائے گا اور فوری کاروائی نہیں ہوئی اور مندروں میں گوشت پھینکنے والوں کو گرفتار نہیں کیا گیا تو صرف بھٹکل ہی نہیں ضلع بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ پریس کانفرنس میں جے ڈی ایس لیڈرس ایم ڈی نائک، تعلقہ پنچایت ممبر محسن جکا، پانڈو نائک، کرشنانند پائی ، زین العابدین ، کرشنا ہلیر، ایشور نائک مرڈیشور ، وی آر نائک، دیاویا نائک، ساویر ڈیسوزا وغیرہ موجود تھے۔